اسلام آباد : شہباز حکومت نے اپنے 16 ماہ کے دوران 14 اہم شخصیات کو بلٹ پروف گاڑیاں دی ہیں جن میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بھی شامل ہیں۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے 14 اہم شخصیات کو بلٹ پروف گاڑی دی گئیں ۔اپریل 2022 سے اگست 2023 تک کی دستاویز کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔
دستاویز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو جیپ دی گئی۔تین سابق وزراء اعظم کو بھی بلٹ پروف بم پروف سیکورٹی گاڑیاں دی گئیں ان میں شاہد خاقان عباسی، عمران خان اور راجہ پرویز اشرف شامل ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کو بھی پی ڈی ایم حکومت نے بلٹ پروف لینڈ کروزر دی ۔سابق معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کو بھی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو جیپ دی گئی ۔سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر زیر استعمال رہی ۔
سابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے پاس وفاقی کابینہ کی دو بلٹ پروف گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔ راجہ پرویز اشرف کو بطور اسپیکر بلٹ پروف لینڈ کروزر اور بطور سابق وزیر اعظم لینڈ کروزر دی گئی ۔ سابق چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نور عالم خان کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر الاٹ دی گئی۔
سابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر دی گئی۔ سیکرٹری وزارت داخلہ کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر الاٹ کی گئی ۔ بیشتر شخصیات کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تاحال زیر استعمال ہیں۔
جسٹس سید مظاہر علی نقوی کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر دی گئی۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو بھی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو کار دی گئی۔سابق ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر دی گئی۔