عمران خان مہنگائی 13 پر چھوڑ کر گئے، پی ڈی ایم 35 فیصد پر لے گئی، وجہ بتانا پڑے گی: محمد زبیر کی اپنی ہی پارٹی پر تنقید

08:12 AM, 1 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما محمد زبیر بھی شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے کیمپ میں شامل ہوگئے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی ملک کیلئے اہم مسئلہ مہنگائی ہوتا ہے جس کےاثرات براہ راست عام آدمی پر پڑتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ 16ماہ میں جو مہنگائی ہوئی وہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی ، حالات خراب ہوئے تو معیشت سکڑنا شروع ہو گئی ، اب عوام میں جائیں گے تو مہنگائی کی وجہ بتانی پڑے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی 13فیصد پر مہنگائی چھوڑ کرگئے ،35فیصد تک کی وجہ بتانی پڑے گی، عوام کو بتانا پڑے گا کہ ایسا کیا کریں گے کہ مہنگائی کم ہو گی ۔

2017میں مہنگائی بہت کم تھی مگر وہ 6سال پرانی بات ہے ، مہنگائی کے اثرات براہ راست عام آدمی پر پڑتے ہیں ، پاکستان کی معیشت جہاں پر پہنچ چکی اس میں اب چوائس ختم ہو چکی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق یہ سسٹم بالکل فیل ہو چکا ہے ، آپ کو ٹیکس اور اداروں میں ریفارمز کرنا پڑیں گے ، ریفارمز کرنا مشکل کام ہے اس لیے تو ابھی تک ہوا نہیں۔

مزیدخبریں