کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے جبکہ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ پیش گوئی کے مطابق موسم سرما کی مون سون کی دوسری بارش کا سبب بننے والا مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم شمالی بلوچستان کے راستے 3 جنوری کو ملک میں داخل ہو گا جس کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواﺅں کے سسٹم کے نتیجے میں دادو، جام شورو، شہید بےنظیر آباد، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ میں 4 سے 6 جنوری کے درمیان گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں 5 سے 6 جنوری کے درمیان ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران دن کے وقت مطلع صاف اور جزوی ابر آلود رہنے اور راتیں سرد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی
10:01 PM, 1 Jan, 2022