لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئے سال پر پٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفیٰ دے دیتے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں می اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے لیگی صدر نے کہا کہ دنیا میں خوشی کے تہواروں پراشیاسستی ہوتی ہیں، عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرادیا ،شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کا دوسر ا نام ظلم، استحصال اور بے حسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بے روزگاری اور غربت سے بچانے کے لیے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی ۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف حکومت نےگزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔اوگرا کی تجویز پر وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سال نو کے آغاز پر ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 144 روپے 82 پیسے مقرر ہوئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے اضافے کیساتھ 141 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 111 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 95 پیسے اضافے کے ساتھ 113 روپے 53 پیسے ہو گئی ۔