اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہینِ عدالت کی اپیل خارج کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے سنگل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھا اور اپیل خارج کر دی۔
مقامی وکیل نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔تاہم عدالت کے 2 رکنی بینچ نے مقامی وکیل کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزار نہیں بتا سکے کہ کون سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی۔مزید کہا گیا کہ کسی کے مطالبے پر توہینِ عدالت کی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔