کوہلی اور بھارتی بورڈ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

11:24 AM, 1 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی: بھارتی  ون ڈے ٹیم کی کپتانی کرنے والے روہت شرما انجری کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد کپتانی کے فرائض کے ایل راہول کودئیے گئے ہیں، جس کے بعد اسکواڈ کا حصہ ہونے کے باوجود ویرات کوہلی کو کپتانی نہ دئیے جانے پربھارتی سابق کپتان اور کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کی خبروں نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔

بی سی سی آئی  کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے روہت شرما کی جگہ  کے ایل راہول کو ون ڈے ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا ہے جبکہ جسپریت بُمراہ   نائب کپتان ہونگے ۔تاہم  ون ڈے اسکواڈ میں موجود سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو کپتانی نہیں دی گئی ہے، جس نے سب کو حیران کر دیا ہے تاہم اس  فیصلے  کی بڑی وجہ  بھارتی بورڈ اور کوہلی کے درمیان اختلافات کو قرار دیا جا رہا ہے۔


خیال  رہے کہ ان دنوں بی سی سی آئی چیف سارو گنگولی اور ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات کی خبریں بھارتی میڈیا میں سامنے آرہی ہیں، جبکہ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ایک پریس کانفرنس میں اس کا برملا اظہار بھی کرچکے ہیں کہ بورڈ کی جانب سے انہیں کپتانی سے ہٹانے پراعتماد میں نہیں لیا گیا اور صرف 90 منٹ  پہلے اطلاع دی گئی۔

دوسری جانب سارو گنگولی نے ویرات کوہلی کے تحفظات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ویرات کوہلی خود ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہوئے۔

 
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے اور روہت شرما انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے، اب ون ڈے سیریز سے بھی آؤٹ ہو گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 19 جنوری سے شروع ہو گی جس میں کے ایل  راہول بھارتی ٹیم کی کپتانی کرینگے جبکہ جسپریت بمراہ  کونائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں