مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ نہ تھم سکا

09:27 AM, 1 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: بھارت کا  سال 2021 میں نہتے کشمیروں پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران  355 معصوم کشمیریوں کو شہید اور  484 کو زخمی کر دیاگیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کی گزشتہ سال کے دوران بھارتی مظالم سے متعلق  رپورٹ مرتب کی گئی جس میں مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی ابتر صورتحال کو دستاویزی شکل دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق  بھارتی افواج نے سال 2021 کے دوران مقبوضہ جموں کشمیر میں 467 سرچ آپریشنز  کے نام پر 355 کشمیروں کو شہید کیا جبکہ 484 کو زخمی اور 1686 بے گناہ افراد کو گرفتار کر لیا۔بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کئی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور جلا کر راکھ کر دیا گیا۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں نے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے، جبکہ عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن بھارتی مظالم کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے اگست 2019 کے بعد کشمیریوں کا قتل عام شروع کر دیا، مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کر دیا، انہوں نے مزید کہا کہ اسی مقصد کے لیے ڈومیسائل بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اب تک 45 لاکھ غیر مقامی لوگوں کو کشمیری ڈومیسائل جاری کیے جا چکے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 9 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ  کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل کیا جائے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس بلائے۔

مزیدخبریں