کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا استعفیٰ تیار ہے اور وہ سابق صدر پرویز مشرف کی طرح ہی ملک چھوڑنے کر بھاگنے والے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی کابینہ سیاسی خانہ بدوشوں اور اے ٹی ایمز پر مشتمل ہے اور ان کے وزرا روتے ہوئے منہ بہلانے کے پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کے استعفے سابق صدر آصف علی زرداری کے پاس ہیں اور انہوں نے پرویز مشرف سے بھی استعفیٰ لیا تھا اب یہ سلیکٹڈ تو کٹھ پتلی ہے۔
اس سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا اپوزیشن کا اتحاد پہلے سے زیاہ مضبوط ہو گیا ہے میڈیا پر پی ڈی ایم میں اختلافات کی خبریں چلائی جا رہی ہیں لیکن ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا تمام پارٹیوں کے پارلیمنٹیرین کے استعفے ان کی قیادت کے پاس پہنچ چکے ہیں اور حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہیں اگر حکومت اس ایک ماہ کے اندر مستعفیٰ نہ ہوئی تو پھر لانگ مارچ ہو گا اور 19 جنوری کو اسلام آباد میں ہی الیکشن کمیشن اور نیب کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا اپوزیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا لیکن سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا لیکن ہم اپنی تحریک کا رخ مہرے کی طرف نہیں بلکہ اس کے پیچھے کرداروں کی طرف موڑیں کیونکہ عمران خان ایک مہرہ ہی ہے۔