سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو تبدیل کرنے کی وجہ سامنے آ گئی

06:36 PM, 1 Jan, 2021

لاہور: پنجاب کے دارلحکومت کی پولیس میں اور تو کچھ نہ بدلا لیکن خود سی سی پی او عمرشیخ ہی تبدیل ہو گئے۔ سی سی پی اولاہورعمر شیخ کو تبدیل کرنے کی وجہ سامنے آ گئی اور نیو نیوز حقائق سامنے لے آیا۔ عمر شیخ فارمولا قبضہ مافیا کے خلاف ردی کا ڈھیر ثابت ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے عمر شیخ کو لاہور کی کمان اسلئے سونپی تھی کہ وہ قبضہ مافیا کا خاتمہ کر سکیں لیکن انکی موجودگی میں پولیس کی اپنی عمارت پر قبضہ ہو گیا۔ علاقہ مکینوں نے پولیس چوکی پر قبضے سے متعلق وزیراعظم پورٹل پر شکایت کی اور علاقے میں بینرز بھی آویزاں کئے۔ 

خیال رہے کہ عمر شیخ کی جگہ پر غلام محمود ڈوگر کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ عمر شیخ کو ڈپٹی کمانڈنٹ کانسٹیبلری فاروق آباد لگا دیا گیا ہے جس کا نوٹیفیکشن محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے جاری کر دیا۔

سی سی پی او لاہور کا عہدہ سنبھالتے ہی غلام محمود نے کہا میں پولیس کا مورال بلند کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا جبکہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا اولین ترجیح ہو گی۔ 

واضح رہے کہ عمر شیخ جب سے سی سی پی او لاہور تعینات ہوئے تھے تب سے ہی وہ متنازع جانے جاتے تھے اور آئی جی پنجاب کے خلاف بھی بیانات دیتے رہے اور موٹروے زیادتی کیس میں بیان دینے کی وجہ سے خبروں میں رہے۔ 

مزیدخبریں