سینیٹ الیکشن ہوگا اور پی ٹی آئی غالب اکثریت سے ایوان میں آئے گی: قائد ایوان شہزاد وسیم

11:49 AM, 1 Jan, 2021

اسلام آباد: قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے کہتے تھے کہ سینیٹ کا الیکشن نہیں ہونے دیں گے لیکن اب یہی لوگ ایک دوسرے پر فوقیت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سینیٹ الیکشن ہوگا اور پی ٹی آئی غالب اکثریت سے ایوان میں آئے گی۔

شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ استعفوں کا ڈراما بھی فلاپ ہوا، استعفے بھی کال کوٹھری میں غرق ہوگئے۔ اس پر مریم نواز بے نظیر کے مزار پر بیٹھ کر معذرت بھی کرتیں۔ یہ اچھا ہے، سیاست میں رواداری ہونی چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیلیبری فونٹ کی جعل سازی کی گئی۔ مریم نواز کہتی تھیں کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں، پھر لندن میں بھی فلیٹ نکل آتے ہیں۔

قائد ایوان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے بادشاہت اور وراثت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ بجائے قانون سازی پر بات کرنے کے پارلیمنٹ میں ریلیف کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اداروں پر حملہ آور نہ ہوں، جا کر جواب دیں اور اپنا نام کلیئر کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑےعہدوں پر فائر افراد نے پیسے چھپانے کے لیے بیرون ملک چھوٹی کمپنیوں میں ملازمت کی، ان کیسز میں الزامات نہیں، پوری دستاویزات ہیں۔ پاناما سے لے کر خواجہ آصف کے کیس تک، ایک ہی طریقہ کار نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ نیب ماضی میں کردار ادا کرنے میں ناکام رہی۔ یہ وہی نیب ہے جس کا آغاز سیف الرحمان کے زمانے میں کیا گیا تھا۔ موجودہ چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹرز کو ہماری حکومت نے تعینات نہیں کیا۔ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ نیب بغیر تفریق کے احتساب کے عمل کو آگے لے کر چلے۔

مزیدخبریں