اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ وزارت صحت کی ایڈوائس پر ہوگا۔ 11 جنوری کو تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ یکساں تعلیم نصاب 2021ء میں نافذ کریں گے۔ سرکاری، نجی اور مدارس سکولوں میں یکساں نظام تعلیم نافذ کریں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ 4 جنوری کو وزارت صحت سے ایڈوائس لے کر فیصلہ کریں گے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ وزارت صحت کی ایڈوائس پر ہوگا۔ 11 جنوری کو تعلیم ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عالمی وبا کے پھیلاؤ کی دوسری لہر کے خطرات کے پیش نظر پورے ملک میں تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کر دیا تھا۔ حکومت کی جانب سے واضح طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ جب تک وبا کی صورتحال مخدوش رہتی ہے، سکول کسی صورت نہیں کھولیں جائیں گے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کا دارومدار صرف وائرس کے پھیلاؤ میں کمی پر مشروط ہے۔
ادھر پرائیوٹ سکولوں کی ایسوسی ایشنز نے حکومتی فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے معاشی قتل قرار دیا تھا۔ تاہم حکومت کا ماننا ہے کہ جلد بازی میں ایسا کوئی اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے بچوں کی جان کو کوئی خطرہ پیش ہو جائے۔
پاکستان میں عالمی وبا کے باعث ملک بھر میں یونیورسٹیز، کالجز، پرائیوٹ اور سرکاری سکول بند ہیں۔ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں پوری کرنے کیلئے انھیں آن لائن تعلیم دی جا رہی ہے۔ ادھر پاکستان میں ان دنوں سردی کی شدت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ والدین پریشان ہیں کہ اگر سکول کھل گئے تو وہ اپنے بچوں کو سکول کیسے بھیجیں گے۔ بہرحال حتمی فیصلہ وزارت تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔