کرائسٹ چرچ: دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے محروم رہنے والے قومی کپتان بابر اعظم کے دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے ففٹی ففٹی چانس ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کا میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کے ساتھ آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم زخمی ہونے کی وجہ سے ٹی ٹونٹی سیریز اور اس کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
ذرائع کے مطابق قومی کپتان بابر اعظم نے آج دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پر بیٹنگ کی۔ قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں کی بھرپور پریکٹس کی۔
تین گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے بھرپور مشقیں کیں۔ ٹیم مینجمنٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی فٹنس کا جائزہ کل کے ٹریننگ سیشن میں بھی لیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر رانا فہیم اشرف نے کہا ہے کہ آج ٹریننگ سیشن میں کنڈیشنز کے مطابق باؤلنگ کرنے کی تیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آخری میچ سے بہت کچھ سیکھ لیا ہے، امید ہے کہ کھلاڑی اب غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی سیریز کا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ سیریزکا آخری میچ ہمارے لیےبہت معنی رکھتا ہے۔ کرائسٹ چرچ کی کنڈیشنز ترنگا سے مختلف ہیں۔
خیال رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پر گئی پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کے بعد اب پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہار گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں قائم کپتان محمد رضوان، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور فواد عالم کی کارکردگی اپنی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہترین رہی تھی۔ فواد عالم نے اپنے کیریئر کے گیارہ سال بعد سنچری سکور کی لیکن وہ رائیگاں گئی۔ انہوں نے میچ کی چوتھی اننگز میں سنچری سکور کرکے پہلا پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔