نوشہرہ: پولیس نے نوشہرہ میں 9 سالہ مناہل کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے الزام میں اس کے پڑوسی کو گرفتار کر لیا۔ قاتل کی عمر 20 سال ہے جس کا نام یاسر ہے اور وہ مناہل کا پڑوسی ہے۔ واقعے کے گھناؤنے کردار نے ہمسایہ مناہل کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی مردان نے کیس کو کامیابی سے حل کرنے پر تفتیشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ملزم نے مناہل کو اس لیے قتل کیا کیونکہ اسے ڈر تھا کہ وہ اپنے والد کو اس کے بارے میں نہ بتا دے۔
ڈی آئی جی مردان محمد علی خان گنڈا پور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے غیرت اور بہادری کی مثال قائم کر دی، شب و روز محنت کر کے سفاک قاتل کو تین دن کے اندر گرفتار کر لیا۔
محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ ملزم بچی کے باپ کا دوست تھا اور جنازے میں بھی شریک تھا جو بچی کو کپڑے دینے کے بہانے لے گیا تھا۔ 27 دسمبر کو مناہل کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کی گئی اور اگلے روز اس کی لاش قریبی قبرستان سے ملی، آلہ قتل پتھر بھی برآمد کرلیا گیا ہے جس سے بچی کی موت ہوئی۔