لاہور: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو عارضہ قلب کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مولانا طارق جمیل کو جوہر ٹاﺅن کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مولانا طارق جمیل کی انجیو گرافی کی جائے گی۔اسپتال ذرائع کے مطابق مولانا طارق جمیل کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مولانا طارق جمیل ایک پاکستانی مبلغ اور عالمِ دین ہیں۔ اُن کا تعلق خانیوال صوبہ پنجاب کے شہر تلمبہ سے ہے جو میاں چنوں کے قریب واقع ہے۔ وہ فیصل آباد میں ایک مدرسہ چلاتے ہیں۔ اُن کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑی دینِ اسلام کی طرف راغب ہوئے۔
مولانا طارق جمیل کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے ہے اور ان کی پیدائش ضلع خانیوال کے مياں چنوں میں ہوئی۔ اُنھوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا تھا۔ دورانِ تعلیم وہ تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہو کر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا۔
مولانا طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ اُن کے مقتدین کی جانب سے اُن کے بیانات انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹوں پر پیش کیے جاتے ہیں۔
لوگ بڑی تعداد میں اُن کی باتیں سنتے ہیں، ان کے اخلاق سے متاثر ہو کر کئی معروف شخصیات دائرۂ اسلام میں داخل ہوئیں۔ وہ فرقہ واریت کے سخت مخالف ہیں۔