شاہ رخ اپنی نئی فلم کا نام اور ٹیزر منظر عام پر لے آئے

05:42 PM, 1 Jan, 2018

ممبئی : بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے نئے سال کی آمد پر اپنی آئندہ فلم کا نام اور ٹیزر منظر عام پر لے آئے۔ فلم کا نام ”زیرو“رکھا گیا ہے ، جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے ہمراہ انوشکا شرمااور کترینہ کیف نظر آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق فلمساز آنند ایل رائے کی فلم میں شاہ رخ خان بونے کا کردار کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے شاہ رخ اور آنند رائے کے درمیان گذشتہ روز ٹوئٹر پر دلچسپ گفتگو ہوئی تھی۔
شاہ رخ نے فلمساز آنند رائے سے پوچھا کہ فلم کے نام کا اعلان کب کیا جائے گا؟ 'کیا 2018 میں بھی گالیاں کھانی ہیں'۔جس پر آنند رائے نے جواب دیا، 'سر، اپنوں کی گالیاں ہیں، کھا لیں گے لیکن آپ بتائیں؟ یکم جنوری کیسا رہے گا؟'



جس پر شاہ رخ نے کہا، 'اچھا رہے گا، لیکن صرف ٹائٹل کا اعلان ہی کریں گے یا کچھ دکھائیں گے بھی؟'جس پر آنند رائے نے جواب دیا، 'نئے سال کا پہلا دن ہے خان صاحب، کچھ دکھا بھی دینا چاہیے۔'جس پر شاہ رخ نے جواب دیا، 'چلو پھر ٹھیک ہے، کل (یکم جنوری) شام 5 بجے'۔


شاہ رخ خان نے وعدے کے مطابق شام مقررہ وقت پر ٹوئٹر پر فلم کے ٹائٹل ’زیرو‘ کے ساتھ ٹیزر بھی جاری کیا۔


فلم کے ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بونے کے روپ میں نظر آرہے ہیں اور ایسا منفرد کردار وہ پہلی بار کررہے ہیں۔فلم کے ٹیزر کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے اور اسے یوٹیوب پر چند منٹوں میں ہی ہزاروں افراد نے دیکھ لیا ہے جب کہ فلم 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور آنند ایل رائے پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرنے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں