نئی دہلی:بھارت میں قاتل گیم 'بلیو وھیل کے چیلنج نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے علاقے میپل ٹان میں ایک نوجوان نے سر پر پلاسٹک بیگ پہن کر اپنی جان لے لی جب کہ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نوجوان نے بلیو وھیل گیم کا چیلنج مکمل کرتے ہوئے اپنی جان خطرے میں ڈالی اور وہ جانبر نہ ہوسکا۔پولیس کے مطابق 19 سالہ ورون برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کا طالبعلم ہے جو گزشتہ روز اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا جب کہ اس کا منہ پلاسٹک بیگ سے ڈھکا ہوا تھا اور وہ دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوا۔
پولیس سب انسپکٹر ونکت ریڈی کا کہنا ہے کہ ورون کی گردن کے گرد پلاسٹک کی تھیلی زور سے کس کر باندھی گئی تھی اور ابتدائی تحقیقات سے خودکشی کا کوئی سراغ نہیں ملا جب کہ متاثرہ نوجوان کا موبائل فون ڈیٹا فرانزک کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔19 سالہ نوجوان کے والدین کا کہنا ہے کہ ورون بیشتر وقت باہر گھومنے پھرنے کے بجائے موبائل اور لیپ ٹاپ پر گزارتا تھا اور ایک ہفتے قبل ہی وہ ہاسٹل سے گھر آیا تھا۔