ریاض:سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین کو نکال کر ان کی جگہ سعودی نوجوانوں کو رکھنے کے لیے بنائی جانے والی سعودائزیشن پالیسی کو سخت سے سخت اور ہر طریقے سے نافذ کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔
اس ضمن میں سعودی وزیر محنت و سماجی بہبود ڈاکٹر علی الغفیص نے واضح کیا ہے کہ سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے سعودائزیشن کی پالیسی زورشور سے جاری رکھی جائے گی۔
وہ ریاض کے دفتر میں سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کے سربراہ احمد الراجحی ، ریاض ایوان تجارت کے ڈپٹی چیئرمین منصور الشثری اور کونسل میں خصوصی کمیٹیوں کے سربراہوں کی موجودگی میں وزارت کی پالیسی پر روشنی ڈال رہے تھے۔
الغفیص نے کہا کہ تمام تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ وزارت کی شراکت ضروری ہے۔ سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو روزگار دلانے کیلئے مل جل کر ہی کام کرنا ہوگا۔ ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کے سربراہ اور ریاض ایوان تجارت کے ڈپٹی چیئرمین نے اس موقع پر سعودائزیشن کیلئے متعدد تجاویز پیش کیں۔