کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارکا کہنا ہے کہ ایم کیوایم میں اچھائیاں اور برائیاں دونوں ہیں جب کہ ایم کیوایم سمیت کوئی بھی جماعت فرشتوں کی نہیں ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 4 ہزار کارکنوں کو پارٹی سے نکالا ہے، الیکشن میں کسی ورکرکو ٹھپے لگانے کا نہیں کہا، ایم کیوایم میں اچھائیاں اور برائیاں دونوں ہیں جب کہ ایم کیوایم سمیت کوئی بھی جماعت فرشتوں کی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ احتساب کا نظام قائم کیا ہے، ایم کیوایم میرے نام پر رجسٹرڈ ہے جب کہ پتنگ ایم کیوایم کی اور عوام کی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 2 ماہ میں ایم کیوایم کے 17 کارکن ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے، انفرادی طورپر کسی نے ٹارگٹ کلنگ کی وہ غلط ہے جب کہ انفرادی عمل کو ایم کیوایم پر نہیں ڈالنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو دیوار کے ساتھ لگا یا جارہا ہے، کراچی میں جرائم کا مستقل خاتمہ ہونا چاہیے جس کے لیے پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہوگا۔