’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لیے گیم چینجر ہوگا: احسن اقبال

08:56 PM, 1 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لندن: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ’’اڑان پاکستان‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2025 پاکستان کے لیے مزید کامیابیوں کا سال ہوگا، کیونکہ امن و استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ نہ صرف ترقی کے نئے دروازے کھولے گا بلکہ پاکستان کی موجودہ کامیابیوں کو مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کر کے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، اور نواز شریف کے دور حکومت میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ بنگلہ دیش، ترکیہ اور سنگاپور جیسے ممالک نے پالیسیوں کے تسلسل کے ذریعے ترقی کی، لیکن بدقسمتی سے نواز شریف کو ہٹا کر پاکستان کی ترقی کا سفر بھی روک دیا گیا۔

مزیدخبریں