اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس میں پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 40 مختلف ناموں پر غور کیا گیا، جن میں سے 10 لوگوں کو ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ججز کے طور پر فرح جمشید، انعام اللہ خان، قاضی جواد احسان اللہ، مدثر امیر، ثابت اللہ، اورنگزیب، عبد الفیاض، صلاح الدین، صادق علی اور طارق آفریدی کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ ان تعیناتیوں کا مقصد پشاور ہائیکورٹ کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔
اس کے علاوہ، گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے صدر مملکت اور چیف جسٹس کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کی کوشش کی مخالفت کی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی تین سینئر ججز میں سے کسی کو چیف جسٹس بنایا جائے، نہ کہ کسی دوسری ہائیکورٹ سے جج لایا جائے۔