غزہ کی تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ لگانا انتہائی مشکل ہے، انتونیوگوتریس

11:12 AM, 1 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

نیویارک :اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اگر فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے کی کوشش کی گئی تو یہ نسل کشی کے مترادف ہوگا۔ عرب ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینیوں کو نکالنا دو ریاستی حل کو ناکام بنا دے گا۔

گوتریس نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی کو جاری رکھنا ضروری ہے اور غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ لگانا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اہم کام رفح سرحدی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا ہے تاکہ امدادی سامان اور افراد کی آمدورفت ممکن ہو سکے۔

ادھر حماس کے رہنما باسم نعیم نے قطر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس صدر ٹرمپ سمیت کسی بھی عالمی رہنما سے ملاقات کے لیے تیار ہے تاکہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے سیاسی حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے تمام فریقین کو نقصان پہنچتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کا مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی ماہی گیر شہید ہوگیا، جب کہ جنین کیمپ میں کارروائی کے دوران دو فلسطینیوں کی شہادت ہوئی۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی تعداد 47,460 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 11 ہزار افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں