نوکیا  کا عہد ختم ہونے کے قریب

11:06 PM, 1 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

کیلیفورنیا:کئی سال تک دنیا بھر میں مقبول فون برانڈ کا درجہ رکھنے والے برانڈ نوکیا کے سمارٹ فونز بند ہونے کے قریب ہیں اور ممکنہ طور پر دو سال بعد اس کے سمارٹ فونز نہیں بنائے جائیں گے۔ نوکیا کے سمارٹ فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ہیومن موبائل ڈیوائسز (ایچ ایم ڈی) نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے نام سے فونز متعارف کرائے گی جب کہ نوکیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تصدیق کی گئی کہ اس کے اکائونٹس اگلے ہفتے سے بند کردیے جائیں گے۔

ایچ ایم ڈی کی جانب سے اپنے نام سے سمارٹ فونز کو متعارف کرائے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمپنی نوکیا کے نام سے سمارٹ فونز متعارف نہیں کرائے گی۔

مذکورہ کمپنی نے نوکیا کے نام سے سمارٹ موبائل متعارف کرانے کا لائسنس 2016 میں حاصل کیا تھا اور ان کے پاس لائسنس کے حقوق 2026 تک ہوں گے، اس وقت تک کمپنی موبائل فونز متعارف کرا سکتی ہے لیکن 2026 کے بعد کمپنی نوکیا کے فون بنانا بند کرے گی اور ممکنہ طور پر کوئی دوسری کمپنی بھی نوکیا کے برانڈ کے فونز نہیں بنائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

عین ممکن ہے کہ کوئی دوسری کمپنی نوکیا کے سمارٹ فونز بنانے کا لائسنس حاصل کرے اور وہ برانڈ کو اپنائے لیکن فوری طور پر اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

نوکیا فن لینڈ کی ایک ملٹی نیشنل موبائل، کمیونی کیشن اینڈ الیکٹرانک ڈیوائسز مینوفیکچرنگ کمپنی ہے جو مختلف کمپنیوں کو اپنی ڈیوائسز بنانے کے لائسنس فراہم کرتی ہے۔مذکورہ کمپنی اگرچہ 1850 میں بنائی گئی تھی لیکن نوکیا نے موبائل فونز بنانے کا آغاز 1990 میں کیا تھا اور ابتدائی طور پر کمپنی نے سادہ فونز متعارف کرائے تھے، جنہوں نے بہت مقبولیت حاصل کی اور نوکیا فونز 2010 تک مقبول رہے۔

مزیدخبریں