حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

06:42 PM, 1 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ نگران وفاقی کابینہ نے خام مال کی بڑھتی قیمتوں کے باعث 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اس اجلاس میں کابینہ نے کمپیٹیشن کمیشن اور سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی بھی منظوری دی، اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں ممالک میں معلومات کےتبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی کے 26 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، ایسی پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو ہو۔

نگران وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ڈریپ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں اور ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

مزیدخبریں