لاہور پنجاب میں خطرناک نمونیا مزید 8 بچوں کی زندگیاں نگل گیا جب کہ گزشتہ 8 روز کے دوران جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران نمونیا کے 792 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ لاہور میں ایک روز کے دوران 191 نئے کیسز سامنے آئے۔
پنجاب میں رواں سال نمونیا سے 296 اموات اور 18 ہزار 40 کیسز سامنے آئے جب کہ لاہور میں رواں سال نمونیا سے 57 ہلاکتیں اور 3 ہزار 342 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نمونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ رواں سال موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اسموگ بھی ہے۔
نمونیا پھیپھڑوں کے اندر انفیکشن کو کہا جاتا ہے، نمونیا کے زیادہ تر کیس وائرس کی وجہ سے ہوتے ہیں اور یہ نزلہ و زکام کی علامات کے بعد ظاہر ہو سکتا ہے۔
نمونیا ہلکا یا سنگین ہو سکتا ہے، عام طور پر 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں میں زیادہ عام ہوتا ہے۔