بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی ترسیل کا فیصلہ

11:10 AM, 1 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستےسےترسیل کا فیصلہ کیا گہا ہے۔

عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مختلف علاقوں میں پولنگ کے سامان کی ترسیل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستے سے ترسیل کا فیصلہ کیا  گیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان صوبوں کے بعض علاقوں میں پولنگ کے لیے بیلٹ پیپرز ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی کےذریعے بھجوائے جائیں گے۔ بلوچستان کے علاقوں گوادر ، پنجگور، کیچ اور خاران میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل فضائی راستوں سے کی جائے گی جب کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور کرم ایجنسی میں بھی بیلٹ پیپرز کی ترسیل فضائی راستے سے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے۔ خیبر پختون خوا کے 90 فیصد ووٹوں کی طباعت مکمل ہو گئی، پنجاب کے 90 اور سندھ کے 70 فیصد بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہے جب کہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی آج شروع کی جائے گی۔کراچی میں ایک اور اسلام اباد میں دو سرکاری پرنٹنگ پریس بیلٹ پیپرز شائع کر رہے ہیں، صوبوں کو بیلٹ پیپرز کی فراہمی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے خصوصی فیچرز کے حامل کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن تھی، بیلٹ پیپر کا سائز کم کر کے اس ضرورت کو 2170 ٹن تک لایا گیا ، 2170 ٹن خصوصی کاغذ صرف ایک مرتبہ چھپائی کے لیے بامشکل کافی ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے ہفتے (3فروری) تک مجموعی طور پر 26 کروڑ بیلٹ پیپرز شائع کئے جائیں گے۔
 

مزیدخبریں