پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری

پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری کر دیا۔

 تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری بروز پیر منعقد کروائے جائیں گے، تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈیول جاری کر دیا گیا۔

 پاکستان تحریک انصاف کے تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ پارٹی ممبران اپنا ووٹ 'رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول'کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔31 جنوری 2024 تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔

 پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹرائبینونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری 2024 کو کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی۔امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل 3 فروری 2024 کو ہو گا کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری 2024 رات 10 بجے تک ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویبسائٹ پر شائع کی جائیں گی انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا

علاوہ ازایں تحریک انصاف نے صوبائی سطح پر الیکشن کمشنر  بھی مقرر کر دیے،  چیف آرگنائزر تحریک انصاف عمر ایوب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق  قاضی محمد انور کو خیبر پختون خواہ، ولید اقبال پنجاب، نورالحق قریشی سندھ، سید اقبال بلوچستان جبکہ شاہ ناصر کو گلگت بلتستان کا الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا۔  

مصنف کے بارے میں