امریکہ کی پی ٹی آئی ریلی پر حملے کی مذمت، بلا خوف صاف شفاف الیکشن پر زور

09:58 AM, 1 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ خوف یا انتقامی کارروائی یا تشدد کے بغیر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے  دوران امریکی محکمہ خارجہ  کے پی ٹی آئی کی سبی میں ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ان حملوں میں سے ایک ہے جو ہم نے پچھلے مہینے پاکستان بھر میں متعدد جماعتوں کے خلاف دیکھے ہیں۔ الیکشن کمیشن خود کئی جگہوں پر حملے کی زد میں آیا ہے۔ہم انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ ” پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ خوف یا انتقامی کارروائی یا تشدد کے بغیر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں، اور ہم پورے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔“

 میتھیو ملر نے کہا کہ  پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں