لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کو چیف آرگنائزر بنانے پر تحفظات ہیں نہ کوئی اعتراض، مریم نواز میری چھوٹی بہن ہے اور میرا عہدے پر رہنا اب مناسب نہیں تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہوں اور ہم میاں نواز شریف کے ساتھی ہیں 35 سال سے ساتھ ہیں، ہمارا اعتماد ہوتا ہے کہ لیڈر جو فیصلہ کریں گے بہتر ہو گا لیکن مشاورت ہو تو بہتر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکلات میں ہے اور یہ مشکلات (ن) لیگ یا اس حکومت کے پیدا کردہ نہیں، آج بھی وزیراعظم شہباز شریف نے جو کام ذمے لگائے وہ کئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ الیکشن حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کروانے ہیں، اگر تاخیر ہوتی ہے تو اس کا فیصلہ بھی ای سی پی ہی کرے گا جبکہ تاخیر کی صورت میں معاملہ یقینا عدالت میں جائے گا۔