لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی اور ساتھ ہی بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی قائم کی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے ساتھ دیگر ارکان میں شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثنا میر، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ اور ایاز بٹ، سابق کپتان شاہد آفریدی، ایزد سید، شفقت رانا، اور چوہدری عارف سعید بھی شامل تھے۔
بعد ازاں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے عبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا جس کا سربراہ شاہد آفریدی کو بنایا گیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد عبوری سلیکشن کمیٹی ختم ہو گئی تھی اور پھر ہارون رشید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی نے اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی سے بھی استعفیٰ دیدیا ہے تاہم اس حوالے سے سابق کپتان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
شاہد آفریدی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے
09:17 PM, 1 Feb, 2023