اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا حصہ ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے، ان کے جانے کی باتیں کرنے والوں کو مایوسی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہیں، پارٹی میں تقسیم کی باتیں 20 سالوں سے کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں اختلافات ہو سکتے ہیں تاہم شاہد خاقان عباسی کے جانے کی باتیں کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا ہی کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے کہنے پر سخت فیصلے کئے ہیں، معیشت بہتر ہو تو عوام کو بھی ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط بڑی حد تک پوری کر لی ہیں اس لئے ہم پرامید ہیں کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کو پتہ ہے معاملے کو طول دینے سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔