اسلام آباد: عدالت عالیہ کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیل پر کل محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کا 3 رکنی لارجر بینچ 2 فروری (بروز جمعرات) کو فیصلہ سنائے گا جو 11 جنوری کو محفوظ کیا تھا۔
لارجر بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اگست 2022 میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کو ممنوعہ قرار دیا تھا اور الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔