اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اماراتی سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر نے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں منسلک ہیں جبکہ متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی سفیر حماد ابراہیم سالم نے کہا کہ یو اے ای موجودہ حکومت کی طرف سے ملک کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ فریقین نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات پر بھی بات چیت کی جبکہ وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملاقاتوں میں کئے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور اماراتی سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ نے نیک نیتی اور تعاون کیلئے شکریہ کے جذبات کا اظہار کیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔