نواز شریف پر واضح کردیا تھا مریم کو عہدہ دیا تو پارٹی میں نہیں رہوں گا: شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کا عہدہ چھوڑ دیا

09:04 AM, 1 Feb, 2023

اسلام آباد :سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔ اور ملک کی بہتری کیلئے ’’ری امیجننگ پاکستان‘‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ مریم نواز کو چیف آرگنائزر بنانے پر  کیا۔ 

انگریزی روزمانہ دی نیوز  میں شائع رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نے  سینئر صحافی صالح ظافر سے گفتگو میں  اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا کہ جنرل باجوہ کی ریٹائرمنٹ سے قبل وہ ان کیلئے دوسری مرتبہ توسیع کیلئے کام کر رہے تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے نون لیگ کے قائد نواز شریف کو لندن میں تجویز دی تھی کہ اگر جنرل باجوہ کو توسیع دینے کیلئے حکومت کو مجبور کیا جائے تو اس سے بہتر ہوگا کہ حکومت چھوڑ دی جائے۔ میں کسی بھی جرنیل کو آرمی چیف بنانے کیلئے لابنگ کر رہے تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف پر تین سال قبل واضح کر دیا تھا کہ اگر مریم کو پارٹی میں سینئر عہدے پر لایا گیا تو ان کیلئے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا۔ جب سے مریم لندن سے آئی ہیں اس وقت سے ان کی مریم سے بات چیت نہیں ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ان کی سرجری کامیاب رہی ۔ میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نہیں ہوں گے۔ نون لیگ کے ساتھ آخری دم تک ساتھ رہیں گے لیکن اگر پارٹی نے ان کے ساتھ راہیں جدا کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوسرے چوہدری نثار بننے جا رہے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں حد سے زیادہ پر عزم سیاسی کارکن نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ری امیجننگ پاکستان فورم کسی شخص یا پارٹی کیخلاف نہیں ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد اس فورم میں شرکت کرتے ہیں اور اس کی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ فورم کا اگلا سیمینار فروری کی 18؍ تاریخ کو کراچی میں ہوگا۔ شاہد خاقان نے افسوس کا اظہار کیا کہ عمران خان دن رات سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور یہ سیاسی جماعتیں اس کیخلاف کچھ نہیں کر رہیں۔

مزیدخبریں