پاکستان اور ترکی کا افغانستان میں پائیدار امن کیلئے اہم فیصلے 

10:29 PM, 1 Feb, 2022

اسلام آباد:پاکستان اور ترکی کا افغانستان میں پائیدار امن کیلئے کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق رائے ہوگیا ،دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان کے ساتھ پائیدار عملی روابط ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی واگزاری سے افغان عوام کے لیے طویل مدتی پائیدار ترقی کو تحریک ملے گی۔

 سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،پاک ترک تعلقات باہمی اعتماد، مشترک اقدار اور نظریات کی یکسانیت پر قائم ہیں۔پاک ترک تعلقات دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ افغانستان کے حوالے سے سیکرٹری کارجہ کا موقف تھا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی واگزاری سے افغان عوام کے لیے طویل مدتی پائیدار ترقی کو تحریک ملے گی۔

 ترجمان کے مطابق مشاورت کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔جیو اکنامکس تناظر میں سیکرٹری خارجہ نے امن، ترقیاتی شراکت داری اور رابطے کے مرکزی ستونوں پر زور دیا۔دونوں فریقین نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 7ویں اجلاس کی جاری تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فروری 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی صورتحال پر خصوصی توجہ کے ساتھ علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرتا رہے گا، افغانستان کے ساتھ پائیدار عملی روابط ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔سیکرٹری خارجہ نے ترک وفد کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی بریفنگ دی۔

سیکرٹری خارجہ نے جموں و کشمیر تنازعہ پر مستقل اور اصولی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ڈی 8 سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی مسائل پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور ترکی اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کے پیش نظر 75ویں سالگرہکو شایان شان طریقے سے منانے پر اتفاق کیا گیا۔دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور ترکی میں سفارتی سطح پر طے پانے والی تاریخوں پر منعقد ہوگا۔

مزیدخبریں