مصباح الحق نے آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کو ضروری قرار دیدیا مگر کیوں؟ 

01:53 PM, 1 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان مصباح الحق نے آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایوارڈز سے دنیا کو پیغام ملا کہ پاکستانی کرکٹرز کسی سے کم نہیں ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہورکے باغ جناح میں انڈر 19 کالجیٹ کرکٹ چیمپین شپ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا بہت ضروری ہے جبکہ آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کو بھی پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے 24 سال بعد دورہ پاکستان سے ٹیسٹ کرکٹ کی نوجوانوں میں مقبولیت میں اضافہ ہو گا جبکہ اس دورے سے دیگر غیر ملکی ٹیموں کے دورہ پاکستان کیلئے راستے کھلیں گے، امید ہے کہ پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ 
مصباح الحق نے گزشتہ سال پاکستان کرکٹ کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان کرکٹ کا گراف اوپرگیا ہے وہ ملکی کرکٹ کیلئے بہت اچھا ہے، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو آئی سی سی ایوارڈز ملنے سے دنیا کو پیغام ملا کہ پاکستانی کرکٹرز بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ 

مزیدخبریں