لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو شادی کی پیشکش سےمتعلق کلپ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے دوست عمران خان اس پر برا مان گئے تھے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران پی پی رہنما کو ان کا ریحام خان کیساتھ ایک پرانا کلپ دکھایا گیا جس میں وہ وزیراعظم کی سابق اہلیہ کو شادی کی آفر کر رہے ہیں۔ جب کلپ کے بارے میں نبیل گبول سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو شادی کیلئے مذاق میں آفر کی لیکن معلوم نہیں تھا کہ میرے دوست عمران خان برا منا لیں گےاور موقع دیکھتے ہی ان سے شادی کر لیں گے۔
واضح رہے کہ ریحام خان اور موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جنوری 2015 میں شادی کی تھی جو کامیاب نہ رہی اور اُسی سال اکتوبر2015 میں ختم ہو گئی۔
خیال رہے کہ ایک طرف وزیراعظم عمران خان نے ریحام خان کے ساتھ شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تو دوسری طرف ریحام خان نے اپنی کتاب کے ذریعے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، میڈیا میں ہرطر ف ریحام خان کی کتاب کے چرچے رہے اور ریحام خان کی کتاب اشاعت سے قبل ہی متنازعہ بن گئی، کتاب میں عمران خان کی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے گئے۔