ممبئی، بھارتی اداکار شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ وہ راجیش کھنہ سے معافی مانگنا چاہتے تھے لیکن ایسا ہونے سے قبل ہی وہ دنیا چھوڑ گئے ۔
بھارتی اداکار شتروگھن سنہا نے ماضی کے سپرسٹار راجیش کھنہ کے ساتھ ایک جھگڑے کا انکشاف کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا سے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کیئرئیر میں کئی مرتبہ آمنا سامنا ہوا لیکن کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا لیکن سیاست ایسی چیز ہے کہ اس نے ہم دونوں کو ایکدوسرے کے مقابل لاکھڑا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ راجیش کھنہ انتخابات میں نئی دہلی کے ایک حلقے میں اپنے مقابل میرے الیکشن لڑنے سے ناخوش تھے ۔ راجیش کھنہ اس بات سے پریشان تھے لیکن میں لال کرشنا ایڈوانی کو انکار نہیں کرسکتا تھا ۔
میں نے اس بارے میں راجیش کھنہ سے وضاحت کرنا چاہی لیکن انہوں نے اس کو پسند نہیں کیا ۔ اس الیکشن کے بعد ہم نے کافی عرصہ تک آپس میں بات نہیں کی تھی لیکن کافی طویل عرصے بعد ہماری بات چیت شروع ہوگئی لیکن پھر وہ بیمار ہوگئے میں اس معاملے کی تلافی کے لئے ان کے پاس ہسپتال گیا میں ان کے پاس جاکران سے معافی مانگنا چاہتا تھا، انہیں گلے سے لگانا چاہتا تھا لیکن افسوس کہ وہ میرے ایسا کرنے سے پہلے ہی انتقال کرگئے۔
واضح رہے کہ راجیش نے کانگریس کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب لڑا تھا جب کہ شتروگھن سنہا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبر تھے۔ اس الیکشن میں راجیش کھنہ نے شتروگھن سنہا کو 28000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی اور 1996 تک اپنی نشست برقرار رکھی۔