پاک چین لازوال دوستی کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کے قریب، پاکستان کا یادگار دن منانے کا اعلان

Pakistan, china, covid-19, vaccine, Pandemic, Health news
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ پاک چین دوستی کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں، اس موقع کی مناسبت سے یادگار دن منائیں گے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کا اعلان نور خان ایئربیس پر ویکسین حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خیال رہے کہ چین سے 5 لاکھ ویکسین لے کر طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے جسے پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جسے چین ویکسین فراہم کر رہا ہے، ہم عالمی وبا کے تدارک کیلئے پوری دنیا میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان ہمارا سب سے قریبی دوست ہے۔ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بہترین شراکت داری ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان، چینی سفیر اور دیگر کا شکر گزار ہوں۔ چین نے پھر پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا۔ 2021ء میں پاک چین سفارتی تعلقات کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں۔ پاک چین سفارتی تعلقات کی 7 دہائیاں مکمل ہونے کا دن منائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق، وزیراعظم، عوام کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ عوام کی مدد کا چین نے عملی مظاہرہ آج پاکستان سے کیا ہے۔ چین نے 5 لاکھ ویکسین تحفہ کے طور پر فراہم کیں جبکہ عالمی وبا کیخلاف اقدامات میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی لازوال ہے۔ چینی ڈاکٹرز اور ماہرین نے ہمارے ڈاکٹرز کی بھرپور رہنمائی کی۔ چینی وزیر خارجہ سے ویکسین کے حصول کیلئے بات چیت جاری تھی۔ ان سے 21 جنوری کو بات ہوئی تو انہوں نے خوشخبری دی اور بتایا کہ چین بطور تحفہ 5 لاکھ ویکسین دے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ویکسین کے آنے سے عوام خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔