لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم نے مشکلات صورتحال سے فائٹ کیا، تاہم راولپنڈی میں کنڈیشنز تھوڑی تبدیل ہوں گی، کوشش ہوگی جو غلطیاں ہوئیں انہیں نہ دہرائیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم بہترین ہے، فائٹ بیک کر سکتی ہے۔ کوشش ہوگی راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز جیتیں۔
مصباح الحق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی فائنل الیون کا فیصلہ آخری دن کریں گے۔ پچ کو دیکھتے ہوئے اگر ضرورت پڑی تو راولپنڈی ٹیسٹ میں تبدیلی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سیریز میں ہارنے کے بعد جو باتیں چل رہی تھیں، اس سے کوئی غرض نہیں، اس وقت پوری توجہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس میں راولپنڈی کی پچ کافی گرین ہوتی ہے، اب جو پچ بن رہی ہے اسے دھوپ لگ رہی ہے۔ ٹیسٹ میچ سے ایک دن قبل تک لگ رہا ہے پچ کافی ڈرائی ہو جائے گی۔
نوجوان کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حارث رؤف بہت اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں اور اس میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔ تبریز شمسی رسٹ سپنر ہیں، ڈرائی کنڈیشن میں رسٹ سپنر کافی خطرناک ہوتا ہے۔ کراچی ٹیسٹ میں سپنرز کو پاکستان نے اچھا کھیلا۔ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے بھی ہماری یہی کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حسن علی کو ایک میچ میں جج کرنا زیادتی ہے۔ حسن علی کم بیک کر رہے ہیں، انہوں نے ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کیا۔ شاہین شاہ آفریدی پر ہرگز لوڈ نہیں ڈال رہے۔ فزیو تھراپسٹ شاہین شاہ آفریدی کے ورک لوڈ کو دیکھ رہے ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں کہ شاہین شاہ پر ورک لوڈ زیادہ پڑ رہا ہے اور اسے کھلا رہے ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کی جیسی فارم لگی ہوئی ہے، اس کا ٹیم میں نہ ہونا فرق تو ڈالے گا۔ محمد حفیظ کو یاد کریں گے لیکن یہ کسی اور کیلئے بھی ایک موقع ہے۔ کوشش ہے ہر کھلاڑی کو مکمل موقع دیا جائے تاکہ وہ ٹیم میں جگہ بنا سکے۔