کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے براڈ شیٹ کو حکومت کیخلاف چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن میں پاکستان کو آگے کر دیا۔
کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب پیپلز پارٹی کو ماضی میں حکومت ملی تو ملک سے بارود کی بو آ رہی تھی۔ ہم نے مذاکرات سے امن بحال کیا۔ وفاقی حکومت نے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں نہیں دیں۔ پشاور سے کراچی تک گھر مسمار کئے جا رہے ہیں، بنی گالہ کو مستقل کیا گیا۔ عمران خان کہتے ہیں مدینے کی ریاست بنائیں گے کیا اس طرح بنائیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ قومی کانفرنس میں وزیراعظم موجود نہیں تھے۔ عمران خان صرف ایک بات کرتے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا۔ عمران خان کہتے تھے کہ چھوٹی کابینہ بناؤں گا، لیکن سب سے بڑی کابینہ بنا دی۔ کرپشن سے پاک پاکستان بنانے جا رہے تھے۔ موجودہ حکومت نے کرپشن میں پاکستان کو آگے کر دیا۔ براڈ شیٹ بھی حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے۔ نیب کے اوپر ایف آئی آر ہے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے ترجمان معلوم نہیں کس نے انہیں دیئے؟ کچھ ڈیپوٹیشن پر ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 25 ایم این اے ہمارے رابطے میں ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی۔