پاکستان میں عالمی وبا کا پھیلاؤ کم ہو گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف 26 اموات رپورٹ

08:23 AM, 1 Feb, 2021

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے پھیلاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف 26 اموات رپورٹ ہوئیں جس سے اب تک اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 683 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 493 ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 34 ہزار 785 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 615 نئے کیس سامنے آئے۔

عالمی سطح پر اس وبا کے پھیلاؤ کی بات کی جائے تو دنیا بھر میں اموات کی تعداد 22 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں مزید ایک ہزار 800 اموات کے بعد تعداد 4 لاکھ 52 ہزار 193، بھارت میں مزید 95 اموات سے تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 407، میکسیکو میں مزید ایک ہزار 495 اموات سے تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 74 جبکہ برازیل میں مزید 533 اموات سے تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 504 ہو گئی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا کے7 کروڑ 50 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب جبکہ 10 کروڑ 34 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ وبائی مرض کے تدارک کیلئے دوا تو تیار کر لی گئی ہے لیکن اس کا ہرگز نہیں کہ اس مرض کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کو اب بھی اس وبا کو شکست دینے کیلئے مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی۔ اس سلسلے میں ماسک کا استعمال، بار بار ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

مزیدخبریں