اسلام آباد: وزارت صحت نے سگریٹ اشتہارات اور سپانسرشپ پر پابندی لگا دی۔ سگریٹ اشتہارات، انڈسٹری کی سپانسرشپ، انعامی سکیموں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں پوسٹرز، سکرین، سینما گھروں میں تمباکو نوشی کی مصنوعات کی تشہیر کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، سگریٹ بنانے والی کمپنیاں کسی بھی دکان کے اندر یا باہر کوئی اشتہار نہیں لگا سکیں گی۔ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعہ تمباکو مصنوعات کے تشہیر پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کسی کو ذاتی ای میل یا ڈاک کے ذریعہ اشتہار نہیں دیا جا سکے گا، کم عمر بچے اب تمباکو مصنوعات کی اشتہاری مہم کا شکار نہیں ہوں گے، ملک میں ہر سال 1 لاکھ 66 ہزار افراد تمباکو نوشی کے باعث مختلف بیماریوں سے ہلاک ہوتے ہیں، تمباکو نوشی کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قانون کے اطلاق کے لئے ہر ممکن حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔