لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ہیڈ کو چ مکی آرتھر کی سفارشات پرعمل کرتے ہوئے لیگ سپنر شاداب خان ، فاسٹ باو لر حسن علی اور آل رآنڈ ر فہیم اشرف کو ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے بعد 5ہفتوں میں ہی کھلاڑی جسمانی اور تکنیکی طور پر بہت پیچھے چلے گئے، ہر قسم کی ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے سے کارکردگی میں بگاڑ پیدا ہوا،وہ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی پیسے کمائیں لیکن اس انداز میں کہ ٹیم کو قیمت نہ چکانا پڑے۔
مکی آرتھر نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حسن علی نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد ہر قسم کی کرکٹ کھیلی جبکہ ٹرینٹ بولٹ 3 ماہ کا ہوم ورک کرکے پاکستان کیخلاف سیریز کا حصہ بنے، دونوں کی کارکردگی میں فرق واضح نظر آیا،انہوں نے پی سی بی کو کھلاڑیوں کا ورک لوڈ کم کرنے کیلئے انہیں زیادہ لیگز کھیلنے سے روکنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے انجریز اور زیادہ تھکاوٹ سے بچانے کے لیے لیگ سپنر شاداب خان ، فاسٹ باو¿ لر حسن علی اور آل راو نڈ ر فہیم اشرف کو6سے11فروری تک شیڈول ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔