قاہرہ: ایک جدید مطالعے سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مصر میں طلاقوں کی اہم ترین وجہ بیوی کی ماہانہ تنخواہ پر ہونے والا اختلاف اور اسی طرح کام کا دباؤ ہے۔ ان دونوں امور کا ازدواجی زندگی پر اثر پڑتا ہے اور شوہر اور بیوی کے درمیان گرم جوشی کا فقدان دیکھنے میں آتا ہے۔ مطالعے میں فیملی کورٹ کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مصر میں 49% ازدواجی اختلافات جن کا اختتام طلاق پر ہوتا ہے اس کی مرکزی وجہ بیوی کی تنخواہ ہے۔
فیملی کورٹ میں پیش کیے جانے والے مقدمات میں فریق بننے والی 53% خواتین کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد ان پر اپنی تنخواہوں کے حوالے سے شوہروں کی طمع کا انکشاف ہوا اور معلوم ہوا کہ ان خواتین کی تنخواہیں درحقیقت مردوں کے لیے شادی کی اصل کشش تھیں۔ اعداد و شمار سے واضح ہوا ہے کہ ملازمت کرنے والی 20% طلاق یافتہ خواتین ایسی ہیں جن کی شادی کو دو سال سے زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا جب کہ 16% کی شادی کو ایک سال سے زیادہ نہیں گزرا تھا۔علاوہ ازیں 30% کی شادی کو 5 برس اور 44% کی شادی کو 7 سے 10 برس تک گزرے تھے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملازمت پیشہ طلاق یافتہ خواتین میں تقریبا 54% کو جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ مادی اور معنوی بلیک میلنگ کا بھی نشانہ بننا پڑا۔ ان خواتین کے شوہر ان سے ماہانہ کمائی جانے والی رقم ہتھیانے کی کوشش کرتے تھے۔ فیملی کورٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 80% خواتین نے کورٹ کے سامنے یہ بیان دیا کہ انہیں ازدواجی رشتے میں بندھنے پر ندامت ہے اور وہ دوبارہ سے ازدواجی زندگی کی طرف نہ لوٹنے کو ترجیح دیتی ہیں۔