ابوجا : افریقی ملک نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے محمد بیلو المعروف ابو بکر نامی ایک سابق مذہبی رہنما اور مبلغ 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ کثرت ازواج کی بناء پر دنیا بھر میں مشہور ہوئے، کچھ عرصہ قبل ان کی بیویوں کی تعداد 86 تھی جبکہ موت کے وقت ان کے نکاح میں موجود خواتین کی 132 بتائی جاتی ہے۔
محمد بیلو ابوبکر بابا مسابا کے نام سے بھی شہرت رکھتے ہیں اور ان کا انتقال وسطی ریاست نائیجر میں نامعلوم بیماری کی وجہ سے ہوا، کل اتوار کے روز ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مرحوم نے سوگواروں میں دسیوں بیویوں کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ سو بیٹوں، بیٹیوں اور پوتے پوتیاں چھوڑے ہیں۔
نائیجیریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق 2008ء میں مبلغ الحاج محمد بیلو ابوبکر کی 86 بیویاں تھیں جب وہ میڈیا پر مرکز نگاہ بنے اور ان کی موت کے وقت یہ تعداد 130 تک پہنچ چکی تھی۔
علامہ ابوبکر اپنے مذہبی نظریات کی بناء پر نا صرف مشہور ہوئے بلکہ متنازع شخصیت بن کر ابھرے، خود نائیجیریا کی حکومت بھی ان کے انوکھے خیالات پر پریشان رہی، علامہ ابوبکر 4 سے زائد بیویاں ایک ہی وقت میں عقد نکاح میں رکھنے کے قائل تھے، ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک میں 4 سے زائد شادیاں کرنے اور 4 سے زیادہ بیویاں رکھنے پر کوئی سزا بیان نہیں کی گئی، اس لیے یہ اس بات کا جواز ہے کہ بیویاں ان گنت بھی ہوسکتی ہیں.