امریکا کو ویتنام اور افغانستان جنگوں سے سبق سیکھنا چاہیے، خورشید شاہ

08:09 PM, 1 Feb, 2017

اسلام آباد:  اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ٹرمپ پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ویتنام اور افغانستان جنگوں سے سبق سیکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرنی چاہیں، نئی امریکی قیادت کا مسلمانوں کے خلاف جاری رویہ جمہوریت اور امن کے منافی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ امریکا اشتعال کے بغیر ہی منفی اقدامات پھیلانے پر تلا ہوا ہے، کسی بھی ملک کی قدر انسان دوسی، انصاف و امن پسندی سے مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مسلمانوں کے خلاف جو رویہ اپنایا وہ امن اور جمہوریت کے منافی ہے، امریکا کو جلد بازی میں کیے گئے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی پڑے گی کیو نکہ نئی امریکی قیادت کے فیصلے ماضی کی حکومتوں کے برعکس ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نئی امریکی قیادت نے تشدد پسند جیسا رویہ اپنا لیا اور اب حالت جنگ جیسے اقدامات کر کے امریکا اپنا تشخص دنیا بھر میں خود ہی پامال کررہا ہے ، ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں دنیا بھر میں خوف اور بے چینیاں پھیلا رہی ہیں، امریکا کو ویتنام اور افغانستان جنگوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور انسان دشمنی کے بجائے دوستی کا راستہ اپنانا ہوگا۔

مزیدخبریں