ممبئی: خوبصورت اور نیلی آنکھوں کے مالک بالی ووڈ ایکشن ہیرو ہریتھک روشن نے بعد از مرگ آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن نے حال ہی میں اپنی فلم ’’کابل‘‘ میں نابینا شخص کا کردار ادا کیا ہے اور فلم باکس آفس پر ’’رئیس‘‘ سے مقابلے کے باعث کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن فلم میں نابینا افراد کے مسائل کو قریب سے دیکھنے کے بعد ایکشن ہیرو نے زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن اپنی خوبصورت آنکھوں کے باعث کئی بار پرکشش شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں لیکن اب انہوں نے فلم ’’کابل‘‘ میں نابینا افراد کے مسائل کو قریب سے سمجھنے کے بعد ’’بعد از مرگ‘‘ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انہوں نے اپنے فیصلے سے آنکھوں کے چیریٹی اسپتال کوبھی آگاہ کردیا ہے۔
دوسری جانب فلم ’’کابل‘‘ کی ٹیم اس فیصلے کو تشہیری مہم میں استعمال کرنے کی خواہش مند تھی لیکن ہریتھک روشن نے اپنے فیصلے کی تشہیرسے منع کردیا تھا۔
ہریتھک روشن کے علاوہ امیتابھ بچن، جیا بچن، یشوریا رائے بچن اور رندیپ ہودا سمیت متعدد اداکار بعد از مرگ اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔