اسلام آباد: وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کے بعد ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) کے گریڈ 17 سے 20 تک کے 60 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی ہیں۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور لاہور میں تعینات متعدد ایڈیشنل، ڈپٹی، اور اسسٹنٹ کمشنرز کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ، حیدر آباد، اسلام آباد، سیالکوٹ، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی، اور گوجرانوالہ کے مختلف ڈپٹی کمشنرز کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ ان نئے تبادلوں اور تقرریوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے 2، گریڈ 19 کے 5، گریڈ 18 کے 41، اور گریڈ 17 کے 12 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں اپنے مقرر کردہ ٹیکس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ نومبر میں بھی ٹیکس ہدف پورا نہیں کیا گیا۔ آزاد اقتصادی ماہرین کے مطابق ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال 400 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ابتدائی 4 ماہ میں ایف بی آر کو 180 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے۔