"یہ پی ٹی آئی کی آخری ناکام بغاوت تھی":عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے  لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  اور ان کی جماعت کو ختم کرنے کے لیے بشریٰ بی بی ہی کافی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اصل مجرم علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بزدلی کی آخری حد کو چھو چکی ہے، اور علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی گاڑیوں پر انہی کے کارکنوں نے ڈنڈے مارے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کو ختم کرنے کے لیے بشریٰ بی بی کا کردار بہت اہم ہے، اور جتھوں کے ذریعے وفاقی حکومت پر چڑھائی کرنے سے این آر او نہیں ملتے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اپنی ذلت اور بدنامی کو فیک نیوز اور افواہوں کے ذریعے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف کی آخری ناکام بغاوت تھی، اور اب انتشاری گروہ دوبارہ اسلام آباد کی طرف جانے کی غلطی نہیں کرے گا۔