کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی: بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

05:25 PM, 1 Dec, 2024

کراچی: پولیس نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد نعیم ولد منیر احمد کو شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں ناگن چورنگی کے قریب زین فرنیچر مارکیٹ سے گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ٹیپو سلطان، شارع فیصل، نرسری، اور صدر کے علاقوں میں بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتا رہا ہے۔ وارداتوں کے دوران شہریوں سے اسلحے کے زور پر بھاری رقوم چھیننے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی متعدد ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث رہا ہے۔ اس کے خلاف پریڈی، صدر، اور ایس آئی یو تھانے میں چار مقدمات درج ہیں۔ مزید تفتیش کے لیے ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کر رہی ہے۔
 

مزیدخبریں